عبدالرزاق اسلام پورہ رنگ روڈ کراس کر رہا تھا ، کار نے ٹکر ماردی، خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) اسلام پورہ رنگ روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 70 سالہ بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پْل رنگ روڈ تاج کمپنی کے قریب ایک تیز رفتار آلٹو کار نے سڑک پار کرتے ہوئے بزرگ شہری کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیاترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی، جو ساندہ کا رہائشی تھا اور اس کی عمر 70 برس تھی۔ حادثہ اْس وقت پیش آیا جب عبدالرزاق پیدل پل پار کر رہے تھے کہ بابو صابو کی جانب سے آنے والی آلٹو کار نے انہیں ٹکر مار دی۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر کار کی ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار خاتون کی شناخت رائمہ خرم کے نام سے ہوئی ہے، جو ساندہ کی ہی رہائشی ہیں۔ حادثے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہائوس منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔