سعودی عرب نے حالیہ رپورٹس کو رد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی طرز پر دنیا کی مہنگی ترین کرکٹ لیگ کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب میں گزشتہ دنوں آئی پی ایل کے ڈرافٹ کی تقریب منعقد کی گئی تھی، جہاں دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خریدا گیا، لیکن ان میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔رپورٹس کے مطابق سعودی عرب بھارت کے تعاون سے آئی پی ایل کی طرز پر اپنی لیگ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے کھیل کے لیے دلچسپی بڑھ رہی ہے اور سعودی عرب جلد فرنچائزز کے ساتھ مل کر ایک ٹورنامنٹ تشکیل دینے کی کوشش کرے گا، لیکن اس وقت کسی مہنگی ترین کرکٹ لیگ کا انعقاد نہیں کیا جا رہا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ سعودی عرب دنیا کی مہنگی ترین ٹی20 کرکٹ لیگ شروع کرنے جا رہا ہے، لیکن اس حوالے سے سعودی کرکٹ فیڈریشن نے کسی تصدیق یا اعلان کی نفی کی ہے۔