90 سکولوں کے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ،کارروائی نہ ہو سکی

لاہور(کرائم رپورٹر)رجسٹریشن میں تجدید کیلئے جعلی بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کر انے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیل کے مطابق ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ نے 90 پرائیویٹ سکولوں کے جعلی بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ پکڑ لئے ۔ محکمے نے سی ای او ایجوکیشن لاہور کو تمام برانچز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواست کردی لیکن سی ای او ایجوکیشن لاہور نذیر حسین نے ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود تاحال متعلقہ سکولوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ایجوکیشن اتھارٹی نے مبینہ سیاسی سفارش پر چپ سادھ لی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا تھا کہ جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کر انے والی برانچز کی فی الفور رجسٹریشن منسوخ کی جائے،بچوں کو محفوظ،صحت مند اور خوشگوار ماحو ل فراہم کرنا حکومتی اداروں کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری کے بعد متعلقہ اداروں کی رجسٹریشن منسوخی کا فیصلہ کیا جائے گا۔