جامشورو پاور پلانٹ کی کوئلے پر منتقلی‘ 3 ارب ڈالر سے زائد بچت

دو اداروں کی جانب سے تیار فزیبلٹی سٹڈی رپورٹ  وفاقی وزیر  اویس  لغاری کو پیش 
کراچی (آئی این پی) کراچی: جامشورو پاور پلانٹ کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے سے 3 ارب ڈالر سے زائد کی بچت ہوگی۔ جامشورو پاور پلانٹ کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے ڈورنیئر گروپ اور ای وائے پارتھینن کی  جانب سے تیار کردہ بینکیبل فزیبلٹی اسٹڈی وفاقی وزیرِ توانائی اویس احمد لغاری کو پیش کی گئی۔وفاقی حکومت کو پیش کی گئی ایک نئی فزیبلٹی اسٹڈی کے مطابق جامشورو پاور پلانٹ کے یونٹ-01 کو درآمدی کوئلے کے بجائے مقامی تھر لگنائٹ کوئلے پر منتقل کرنے سے پاکستان آئندہ 26 برسوں میں تقریبا 3.239 ارب ڈالر کی بچت کرے گا جس میں 2.113 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق نتیجہ اخذ کیا گیا کہ یہ منصوبہ تکنیکی طور پر قابلِ عمل، معاشی لحاظ سے مضبوط اور ماحولیاتی اعتبار سے قابلِ انتظام ہے۔