لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس شاہد کریم آئندہ ماہ اپنی آئینی مدت مکمل ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ وہ 19 اگست کو 62 برس کی مقررہ آئینی عمر پوری ہونے پر ریٹائر ہوں گے۔
جسٹس شاہد کریم کو 7 نومبر 2014 کو لاہور ہائی کورٹ کا جج تعینات کیا گیا تھا۔ اپنے تقریباً 12 سالہ عدالتی کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد اہم آئینی، انتظامی اور عوامی مفاد سے متعلق مقدمات کی سماعت کی۔ وہ اس وقت لاہور ہائی کورٹ کی سنیارٹی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔گزشتہ چند برسوں سے جسٹس شاہد کریم ماحولیاتی آلودگی، سموگ کے خاتمے، صاف ماحول کی فراہمی، درختوں کے تحفظ اور دیگر ماحولیاتی امور سے متعلق اہم مقدمات کی مسلسل سماعت کرتے رہے ہیں۔ ان کے فیصلوں اور احکامات کو ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے نمایاں اہمیت حاصل رہی ہے۔جسٹس شاہد کریم کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں خالی ججز کی تعداد 21 ہو جائے گی۔