لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکار ذیشان روکھڑی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے معاوضہ کم ہونے کے سبب فلم مکھو کی پیشکش مسترد کر دی تھی۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی ہدایت کارہ سنگیتا پر کم معاوضہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ سنگیتا نے اداکار معمر رانا کو فلم کے لیے صرف 5 لاکھ ادا کیے ہیں۔ سنگیتا نے حال ہی میں حکومت کی فلم گرانٹ کے تحت مکھو کے نام سے ایک فلم بنانے کا اعلان کیا، جس میں انہوں نے معمر رانا کو بھی کاسٹ کیا۔اب گلوکار ذیشان روکھڑی کے ایک انٹرویو کے بعد اس فلم اور معمر رانا کے معاوضے سے متعلق ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ذیشان روکھڑی نے بتایا کہ مجھے فلم میں کردار کی پیشکش کی گئی تھی، جس کے لیے میں نے 8 دن کے کام کے عوض 1 کروڑ روپے معاوضہ طلب کیا تھا۔ بعد ازاں سنگیتا کی ٹیم نے مجھے بتایا کہ معمر رانا کو فلم کے لیے صرف 5 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔ذیشان روکھڑی نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے فلمی ستارے کو صرف 5 لاکھ روپے دینا مناسب نہیں، کیونکہ کسی بھی فنکار اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے ایسے رویے مددگار ثابت نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پنجاب حکومت سے بجٹ کم ملا ہوگا لیکن اگر ہمیں اپنی انڈسٹری کو آگے بڑھانا ہے، بالی ووڈ سے مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں بجٹ بھی پھر اسی حساب سے رکھنا ہوگا، فنکاروں کو بھی اسی طرح ادا کرنا ہوگا۔