رکشہ یونین کامہنگائی کیخلاف مظاہرہ

خاتون رکشہ ڈرائیورز بھی شامل، رکشہ جلا ئو مہم شروع کرینگے :مجید غوری 
لاہور(خصوصی رپورٹ)عوامی رکشہ یونین نے مہنگائی ، ناجائز چالانوں اور جھوٹے پرچوں کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کی، مظاہرے میں خاتون رکشہ ڈرائیور زسمیت رکشہ ڈرائیوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجید غوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ظلم کے سبب رکشہ جلا ئو مہم شروع کریں گے، جبکہ رکشہ چلا نہیں سکتے، جلا تو سکتے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے محکمہ ٹریفک کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں تبدیل کردیا ہے، وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے، مختلف شاہراہوں پر چھپ کر اور چوکوں اور چوراہوں میں ٹولیاں بنا کرکھڑے ہوجاتے ہیں جن کا ٹارگٹ ، رکشہ ڈرائیور، لوڈر رکشہ ، چنگ چی رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔ جو دیکھتے ہی ان کے 2ہزار کے چالان کر دیتے ہیں۔وجہ پوچھنے والوں کو گالیاں دی جاتی ہیں، زدوکوب کیا جاتا ہے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر جھوٹے مقدمات درج کرا کر تھانوں میں بند کرا دیا جاتا ہے۔