پاکستان میں اصل اپوزیشن عوام پاکستان پارٹی ہے، اداروں کو حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا:سابق وزیراعظم
بانی پی ٹی آئی کی اوورسیز سے پاکستان سرمایہ نہ بھیجنے کی اپیل نامناسب ہے: مفتاح اسماعیل‘پریس کانفرنس
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان سرمایہ نہ بھیجنے کی اپیل کرنا نامناسب ہے‘انہوں نے لندن میں شاہد خاقان عباسی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر اوورسیز اپنی فیملیز کو پیسہ بھیجنے سے نہیں رکیں گے، پاکستان میں افراطِ زر میں کمی آئی مگر مہنگائی مزید بڑھی ہے۔ عوام کی قوت خرید میں کمی آئی ہے، پاکستان کا ہر شہری گزرتے سال کے ساتھ غریب ہورہا ہے، 40 فیصد پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 7 کروڑ بچے خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں، شہباز شریف صرف اپنی کرسی بچانے کیلئے بیٹھے ہیں۔اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا اوورسیز پاکستانی پاکستان کی طاقت ہیں، اوورسیز پاکستانی شہریت لیکر بھی پاکستان سے تعلق برقرار رکھے ہوئے ہیں، زرمبادلہ پاکستان بھیجنے کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ہماری جماعت مسائل کی بات کم اور حل کی بات زیادہ کرتی ہے، پاکستان میں اصل اپوزیشن عوام پاکستان پارٹی ہے، اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔