کراچی (آئی این پی ) مصطفی عامر کے اغواء اور قتل کیس میں تفتیشی افسر کی نا اہلی کے باعث گواہان کا بیان ریکارڈ نہیں ہوسکا، جس پر کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کے وکلاء کو نوٹس جاری کر دئیے۔گذشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مصطفی عامر قتل کیس سماعت ہوئی، اس دوران ملزمان ارمغان اور شیراز کو عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم تفتیشی افسر کی نااہلی کے باعث مقدمے کے گواہان کے بیانات ریکارڈ نہیں ہوسکے۔عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ گواہوں کے بیانات قلم بند کرانے سے پہلے ملزمان کے وکلاء کو نوٹس دیا تھا؟۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیس کے گواہوں کو کل دوبارہ پیش کیا جائے۔