پاکستان میں پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم ہوگیا، اب پاسپورٹ اور شناختی کارڈ وقت پر ملے گا
چند دن میں کائونٹرز بنا کر لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی:تقریب سے خطاب
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم ہوگیا، 6 ماہ میں ارجنٹ اور ریگولر دونوں پاسپورٹ نہیں مل رہے تھے، اب پاسپورٹ اور شناختی کارڈ وقت پر ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو 14 سے 16 شہروں میں نادرا دفاتر میں 24 گھنٹے پاسپورٹ کی سہولت بھی دیں گے، اگلے 7 سے 8 دن میں ان شہروں میں پاسپورٹ کانٹرز بنا کر لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، اسلام آباد والے پاسپورٹ دفتر کا وقت فوری 24 گھنٹے کر دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں ہمیں ماڈل سینٹر بنانے کی ضرورت ہے، ماڈل سینٹر کیلئے کراچی میں بھی جگہ موجود ہے، لاہور اور اسلام آباد میں بھی ماڈل سینٹر جلد بنائیں گے۔