اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر سستا ہوگیا

اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر سستا ہوگیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

ہنڈرڈ انڈیکس نے ایک مرتبہ پھر 1 لاکھ 49 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر کے نئی سطح حاصل کر لی۔کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاری کے مثبت رجحان کے باعث 100 انڈیکس میں 602 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 49 ہزار 37 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی و معاشی سطح پر بہتری اور حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اس تیزی کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔

 ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 6 پیسے کمی کے بعد 281 روپے 80 پیسے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ درآمدات پر قابو پانے، ترسیلاتِ زر میں بہتری اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق اگر یہی مثبت رجحان برقرار رہا تو سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا اور آئندہ دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید تیزی کی جانب گامزن ہو سکتی ہے۔