ولیمے سے واپسی پر دلہن قتل

نیو گلشن کالونی سمن آباد چونگی کے قریب دلہن صبا کوفائرنگ کانشانہ بنایاگیا،،مقدمہ سی سی ڈی کے سپرد
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)گوجرانوالہ میں اپنے ولیمے کی تقریب سے واپس جاتے ہوئے دلہن کو گاڑی میں اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ سی سی ڈی گوجرانوالہ میں درج کر لیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق تھانہ اروپ کے علاقے نیو گلشن کالونی، سمن آباد چونگی کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزم سڑک کنارے گھات لگائے کھڑے تھے۔ دلہن صباء کی گاڑی وہاں پہنچی تو ملزمان نے آگے بڑھ کر اسے روک لیا۔ مرکزی ملزم سرفراز نے گاڑی کا دروازہ کھولا تو اندر موجود ایک خاتون جان بچانے کے لیے باہر کی طرف بھاگی، جبکہ ڈرائیور بھی گاڑی سے نکل کر زمین پر لیٹ گیا۔ اسی دوران ملزم نے گاڑی میں بیٹھی دلہن صباء پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ فائرنگ کے بعد دونوں ملزم ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ صباء کی ایک روز قبل سفیان نامی نوجوان سے شادی ہوئی تھی۔ مرکزی ملزم سرفراز، مقتولہ کی دوست عروب کا رشتہ دار ہے اور صباء سے شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم لڑکی کے اہل خانہ نے رشتہ دینے سے انکار کرتے ہوئے اس کی شادی دوسری جگہ طے کر دی تھی۔ پولیس کے مطابق اسی رنجش پر ملزم نے واردات کی۔مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ سی سی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں عرفان، عروب اور ایک نامعلوم ملزم کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں موٹر سائیکل پر فرار ہونے والے ملزمان کے چہرے واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ ایک سنگین جرم ہے اور ملزمان کو شواہد کی بنیاد پر قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔