بنگلادیش کا پاکستان سے آئندہ ماہ پروازیں شروع کرنیکا اعلان

 لاہور چیمبر کی سفارش پر تین دن میں ویزاجاری :ہائی کمشنر اقبال حسین 
 براہِ راست کارگو شپنگ سروس بھی جلد شروع ہو جائے گی :گفتگو 
لاہور(خصوصی رپورٹ)بنگلادیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ماہ سے کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان ماہان ایئر کی تین ہفتہ وار پروازیں شروع ہونے کا امکان ہے، ویزا کا طریقہ کار مزید آسان بنا دیا ، اب لاہور چیمبر اور بنگلادیش کے اعزازی قونصل خانہ کی مشترکہ سفارش پر ویزے تین سے چار دن میں جاری کر دیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئیکیا، قبل ازیں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ،ممبر ایگزیکٹو کمیٹی شعبان اختر، سابق ای سی ممبر نعیم حنیف اور بنگلادیش ہائی کمیشن کے سفارتکار محفوظ الحسن بھی موجود تھے۔بنگلادیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان مزید کہا کہ پاکستان بنگلادیش کو چاول برآمد کر سکتا ہے جبکہ بنگلادیش پاکستان کو تازہ انناس فراہم کر سکتا ہے ،ٹیکسٹائل اور ریڈی میڈ گارمنٹس کے شعبے میں بھی بہت مواقع موجود ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست کارگو شپنگ سروس بھی جلد شروع ہو جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ہائر ایجوکیشن کمیشن جلد بنگلادیش بھی ایک وفد بھیجے گا، جس میں 12 یونیورسٹیوں کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بنگلادیشی طلبہ پاکستان تعلیم حاصل کر سکیں۔ فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ پاکستان بنگلادیش کو چاول کی برآمدات بڑھا سکتا ہے اور گارمنٹس کے شعبے میں بنگلادیش سے سیکھ سکتا ہے، اس وقت دونوں ملکوں کی باہمی تجارت تقریباً 700 ملین ڈالر کے قریب ہے، جسے آئندہ چند برسوں میں 3 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے ،براہِ راست پروازیں تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی۔