نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارہ ’ آئی ایس آر او‘ سیٹلائٹ لانچ کی بری طرح ناکامی کے بعد سر جوڑ کر بیٹھ گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ اتوار کو بھارتی سیٹلائٹ کی لانچ صرف 7 منٹ میں بری طرح ناکام ہوگئی۔انڈین خلائی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ کے مطابق سیٹلائٹ مشن کے تیسرے مرحلے کے دوران ’راکٹ موٹر کیس‘ کے چیمبر میں پریشر کم ہوگیا جس کے باعث مشن مکمل نہیں ہوسکا۔مذکورہ مشن کی ناکامی کی اصل وجوہات جاننے کے لیے خلائی ایجنسی نے قومی ناکامی تجزیہ کمیٹی قائم کردی ہے، جس کے تحت راکٹ کا مکمل آڈٹ جاری ہے، جس میں تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ کمیٹی آئندہ ماہ کے وسط میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی جبکہ ڈیٹا کا ایک سیٹ پہلے ہی پینل کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے۔