فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) راولپنڈی میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے کامیاب خفیہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا انتہائی خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لیا۔ دہشت گرد کے قبضے سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ اور ڈیٹونیٹر برآمد کر لیے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد حساس مقامات کی ریکی مکمل کر چکا تھا اور کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ ملزم متعدد بار افغانستان جا کر دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے اور فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر کے ساتھ رابطے میں تھا۔ دہشت گرد کو راولپنڈی کے ایک علاقے سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ کارروائی کے لیے تیاری میں مصروف تھا۔ دہشت گرد نے چند روز قبل حساس مقامات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ گرفتاری کے بعد سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے