اسلحہ نمائش، پتنگ بازی، منشیات پر کریک ڈاؤن کیا جائے :فیصل کامران
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ ضلع لاہور میں کرائم کی شرح مزید کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ لسٹڈ اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری سے جرائم میں مزید کمی لائیں۔ تھانوں کی سطح پر پبلک سروس ڈلیوری مزید بہتر بنائی جائے۔ پولیس جوان ناکوں، شاہراؤں پر دوران چیکنگ شہریوں سے اچھا رویہ اپنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صدر ڈویڑن کی انسداد جرائم میٹنگ کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال، ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب، ایس پی ڈولفن سکواڈ ارسلان زاہد، ایس پی صدر ڈویڑن غیور احمد خاں، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکی میٹنگ میں موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزمان کو ٹریس و گرفتاری میں مشترکہ کارروائیاں اور مقررہ ٹائم فریم میں مقدمات کا اندراج یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ مسنگ گینگز ممبران کی گرفتاری کے لیے دیگر یونٹس کے ساتھ کوآرڈینیشن میں رہیں۔ آپریشنز و انویسٹی گیشن ونگز کے افسران ون یونٹ کی طرح کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا 87 فیصد کانسٹیبلری پر مشتمل ہے۔ ایس ایچ اوز اپنے اہلکاروں کو ساتھ لے کر چلیں، موجودہ حالات سے آگاہ کریں۔ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیم ورک کے ذریعے کام کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، منشیات فروشوں، قماربازوں، پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے تدارک کے لیے ہاٹ سپاٹ ایریاز پر اضافی نفری لگائیں۔ پرائیویٹ ملازمین، گھریلو ملازمین، مالی، ڈرائیورز کو لازمی رجسٹرڈ کروائیں۔ انہوں نے کرایہ داری اندراج پر ایس ایچ او چوہنگ اور ایس ایچ او رائیونڈ کو شاباش دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں سے بدتمیزی، ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران اپنی ورکنگ میں دلچسپی دکھائیں، ہر سطح پر پذیرائی ملے گی۔