کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 2.4 ریکارڈ

کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 2.4 ریکارڈ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے 38 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ماہرین کے مطابق زلزلے ایک قدرتی آفت ہیں جو زمین کی تین بڑی ٹیکٹانک پلیٹوں — یوریشین، انڈین اور اریبین — کی حرکت کے نتیجے میں آتے ہیں۔ زیرِ زمین حرارت کے باعث جب یہ پلیٹیں سرکتی ہیں تو زمین میں لرزش پیدا ہوتی ہے، جسے زلزلہ کہا جاتا ہے۔زلزلوں اور آتش فشانی سرگرمیوں کا زیادہ خطرہ ان علاقوں میں ہوتا ہے جو پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہوں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ چکا ہو، وہاں مستقبل میں دوبارہ بھی شدید زلزلے کا خدشہ رہتا ہے۔

پاکستان کا تقریباً دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر واقع ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک متعدد شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کو حساس ترین علاقے قرار دیا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق زلزلوں کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے۔