وزیراعظم شہباز شریف ہانگڑو پروگرام مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچ گئے

ہانگڑو میں وزیراعظم نے تیسرے پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ہانگڑو پروگرام مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچ گئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف ڑی جیانگ صوبے کے شہر ہانگڑو کا اپنا سرکاری پروگرام مکمل کرنے کے بعد آج بیجنگ پہنچ گئے۔بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیر برائے ماحولیات جناب ہوانگ رون چیو (Mr. Huang Runqiu) نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ہانگڑو میں وزیراعظم نے تیسرے پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی، جس میں چارجنگ انفراسٹرکچر، بیٹری انرجی سٹوریج، سولر ٹیکنالوجیز اور فارماسیوٹیکل شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔اْنہوں نے ڑی جیانگ کی صوبائی قیادت اور معروف چینی کمپنیوں، جن میں سٹار چارج، سی اے ٹی ایل اور ڑیوزینگ فارماسیوٹیکل شامل ہیں، کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں اور سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے کے لئے عملی اقدامات زیر بحث آئے۔وزیر اعظم نے علی بابا ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ایگزیکٹو چیئرمین جو سائی نے ان کا استقبال کیا۔بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران شہباز شریف چین کے صدر جناب شی جنپنگ، وزیراعظم لی چیانگ سمیت اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان اور چین کے مابین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔دوسری جانب دورے کا مقصد سی پیک فیز ٹو کے تحت بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے