مریخ پر اہرام نما ڈھانچہ: سائنسدانوں نے پراسرار راز کھول دیا

مریخ پر اہرام نما ڈھانچہ: سائنسدانوں نے پراسرار راز کھول دیا

مریخ کی سرخ سطح پر اہرام نما ڈھانچے کی تصاویر نے دنیا بھر کے سائنسدانوں اور خلائی شوقین افراد کو حیرت میں ڈال دیا۔

ناسا کی جاری تصاویر میں یہ ڈھانچہ بظاہر مصر کے اہرامِ گیزا جیسا محسوس ہوتا تھا اور دعویٰ کیا گیا کہ اس کا حجم بھی تقریباً اسی کے برابر ہے۔یہ پراسرار ساخت مریخ کے وسیع کینین سسٹم کینڈور چاسما میں دیکھی گئی، جو وادی ویلز مارینیرس کا حصہ ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر نے بحث کو شدت دی، خاص طور پر جب بعض ماہرین نے اسے ممکنہ طور پر مصنوعی ساخت قرار دیا۔تاہم، جدید سائنسی آلات اور ہائی ریزولوشن تصاویر کے تجزیے کے بعد ماہرین نے واضح کیا کہ یہ کوئی انسانی ساختہ عمارت نہیں بلکہ قدرتی عمل کا نتیجہ ہے۔ مریخ پر اربوں سال سے جاری کٹاؤ، ہواؤں کی شدت، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر جغرافیائی عوامل نے اس شکل کو جنم دیا۔

ماہرین کے مطابق یہ ڈھانچہ ایک "پازیٹو ریلیف نوب" ہے، یعنی چٹانی حصہ جو اردگرد کی مٹی ختم ہونے کے بعد باقی رہ جاتا ہے۔ اس کے غیر ہموار کنارے اور بے ترتیب ساخت انسانی عمارت کے برعکس ہیں۔یہ غلط فہمی "پیریڈولیا" نامی ذہنی رجحان کی وجہ سے بھی ہوئی، جس میں انسان بے ترتیب اشکال میں مانوس تصاویر دیکھ لیتا ہے، جیسے بادلوں میں چہرے یا پہاڑوں میں عمارتیں۔یوں مریخ پر یہ اہرام نما ڈھانچہ آخرکار قدرتی حقیقت نکلا، لیکن اس نے خلا کے راز اور انسانی جستجو کو دوبارہ متحرک کر دیا۔