تیل بحران شدت اختیار کر گیا‘ ترقی یافتہ ممالک نے اسٹریٹیجک آئل ذخائر کا استعمال شروع کردیا، تاریخ کی بڑی مشترکہ ریلیز ہے
دوحہ (آئی این پی) ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عالمی تیل اور گیس کی رسد شدید متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں دنیا کے کئی ممالک بالخصوص ترقی یافتہ ممالک نے معاشی بحران سے بچنے کے لیے اپنے اسٹریٹجک آئل ذخائر استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔ الجزیرہ کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے 32 رکن ممالک نے ہنگامی طور پر 40 کروڑ بیرل تیل ذخائر سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تاریخ کی سب سے بڑی مشترکہ ریلیز قرار دی جا رہی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق آئی ای اے کے رکن ممالک کے پاس مجموعی طور پر 1.2 ارب بیرل کے سرکاری جبکہ تقریبا 60 کروڑ بیرل نجی مگر حکومتی نگرانی میں ذخائر موجود ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چین آئی ای اے کا رکن ملک نہیں ہے مگر دنیا کا سب سے بڑا تیل کا ذخیرہ رکھنے والا ملک سمجھا جاتا ہے۔