دونوں کندھوں پر فرشتے بیٹھے ہوتے ہیں اور ہر انسان کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوتا ہے
لاہور(زیڈ این این)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ نے سائلہ سلمی بی کی جانب سے دائر تین افراد کی مبینہ بازیابی کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق کام کریں اور انصاف فراہم کریں، کیونکہ ہر انسان اللہ کے سامنے جواب دہ ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ دونوں کندھوں پر فرشتے بیٹھے ہوتے ہیں اور ہر انسان کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوتا ہے۔سماعت میں علی احمد، تنویر احمد اور ناصر کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ پنجاب حکومت کے لاء افسر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آیا ان افراد کے خلاف انکشافات کے علاوہ کوئی اور ثبوت موجود ہیں، جس پر ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ ان افراد کے خلاف پہلے سے مقدمات درج ہیں اور دوران تفتیش برآمدگیاں بھی ہوئی ہیں۔