عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزا قانون کے مطابق ملی :رانا تنویر

بانی پی ٹی آئی نے اپنی کابینہ کو دھوکا دے کر تاریخ کی بڑی کرپشن کی، عمران خان کے خمیر میں مثبت سیاست نہیں
 کرم کا مسئلہ تشویشناک ، اس کا حل نکلنا چاہیے، وفاق کے پی حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہے،وفاقی وزیر ِ صنعت و پیداوار 
شیخوپورہ(آئی این پی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و رہنما مسلم لیگ (ن) رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا قانون کے مطابق ملی ہے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی کابینہ کو دھوکا دے کر تاریخ کی بڑی کرپشن کی، مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں ہم چاہتے ہیں تحریک انصاف ایوان میں بیٹھے لیکن اس میں کامیابی نظر نہیں آرہی ، عمران خان کے خمیر میں مثبت سیاست نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی این آر او کے لیے منتیں کررہی ہے، تحریک انصاف سے نہ ڈیل ہو گی نہ ڈھیل ہوگی، کرم ایجنسی کا مسئلہ تشویشناک ہے اس کا حل نکلنا چاہیے، کرم میں امن و امن قائم رکھنا خیبرپختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے، امن و امن برقرار رکھنے کے لیے وفاق کے پی حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں عوام کے لیے وزیر اعظم جلد بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔