کسی کاروبار میں گٹھ جوڑ یا کارٹل کی نشاندہی کرنے والے کو انعام دیا جائے گا‘ معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا:مسابقتی کمیشن
اسلام آباد(آئی این پی)مسابقتی کمیشن نے مصنوعی مہنگائی میں ملوث کارٹل اور گٹھ جوڑ کیخلاف تعاون حاصل کرنے والوں کو انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے، کسی کاروبار میں گٹھ جوڑ یا کارٹل کی نشاندہی کرنیوالے کو 2 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک انعام دیا جائے گا، معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔پاکستان میں اشیائے ضرورت اور خدمات کی قیمتوں میں مصنوعی بڑھوتری، معیاری اشیا کی کمی، کافی حد تک مارکیٹوں میں کاروباری گٹھ جوڑ یعنی کارٹلائزیشن کا نتیجہ ہیں، کارٹل، مارکیٹ میں موجود سپلائرز کے مابین باہمی ہم آہنگی یا ایسے معاہدے کے نتیجے میں بنتے ہیں، جس میں سپلائرز ناجائز منافع کیلئے اشیا و خدمات کی قیمتیں باہمی ہم آہنگی سے طے کرتے ہیں اور اس سلسلے میں مارکیٹ میں سپلائی کو بھی کنٹرول کرتے ہیں، جو کہ ایک غیر قانونی عمل ہے۔