ہر انڈے کی زردی پر یہ عجیب سی 'سفید چیز' کیا ہوتی ہے؟

لاہور(نیٹ نیوز)ناشتے میں انڈے کھانا تو بیشتر افراد کو پسند ہوتا ہے مگر اکثر اس کی زردی پر عجیب سی سفید 'چیز' نظر آتی ہے۔یہ سفید جیلی جیسی چیز بیشتر افراد کو پسند نہیں آتی اور وہ اسے کھانا پسند نہیں کرتے۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس سفید چیز کا مقصد کیا ہے؟اس سفید چیز کو Chalaza کہا جاتا ہے جو کہ بنیادی طور پر جھلی نما پٹی ہے۔ہر انڈے میں ایسی 2 جھلیاں ہوتی ہیں جو انڈے کے وسط میں موجود زردی کو اس کے بیرونی خول یا چھلکے سے منسلک رکھتی ہیں۔جب انڈے کو تلا جاتا ہے تو یہ جھلی اکثر زردی کے اوپر نظر آتی ہے جو بیشتر افراد کو کچھ زیادہ اچھی محسوس نہیں ہوتی۔مگر اسے کھانے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ اگر وہ زیادہ چمکدار ہے تو یہ ایک اچھے انڈے کی نشانی ہے۔امریکن ایگ بورڈ کے مطابق بہترین یا اے گریڈ انڈوں کی زردی پر یہ جھلی کافی نمایاں ہوتی ہے جبکہ بی گریڈ انڈوں میں چھوٹی ہوتی ہے یا ہوتی ہی نہیں۔Chalaza لفظ یونانی لفظ Khalaza سے لیا گیا جس کا مطلب اولے جیسی کوئی چیز ہونا ہے۔