لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرائمری سکولوں میں بنیادی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی اور بنیادی تعلیم کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگلش لرننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ رواں سال پنجاب میں 35 ہزار سرکاری سکول اساتذہ کے لیے انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا گیا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ پرائمری سطح پر بچوں کی تعلیمی بنیاد مضبوط ہوگی تو وہ آئندہ جماعتوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گے، اس لیے ابتدائی تعلیم کے معیار، تدریسی طریقہ کار اور اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔
سکولوں میں جسمانی تشدد ناقابل قبول
وزیراعلیٰ پنجاب نے سکولوں میں بچوں پر جسمانی تشدد کے حوالے سے بھی واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مار پیٹ کا واقعہ بچے کی زندگی پر تاحیات اثر انداز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں بچوں کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پنجاب ایجوکیشن سیکٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق سرکاری سکولوں میں جسمانی سزا کے رپورٹ شدہ کیسز کا ڈیٹا بھی موجود ہے، جبکہ ابتدائی تعلیم کے معیار اور اساتذہ کی تربیت کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
ڈیجیٹل لٹریسی کے فروغ پر زور
مریم نواز نے پنجاب کے سکولوں میں ڈیجیٹل لٹریسی کو مزید فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں بچوں کو روایتی تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا بھی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ سکول ایجوکیشن میں جدید تدریسی طریقوں، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل سہولیات کے بہتر استعمال کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے۔ پنجاب حکومت اس سے قبل سکولوں کی مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل تعلیمی وسائل کے فروغ سے متعلق مختلف اقدامات بھی کرچکی ہے۔