بھارت میں’’ آئی لو محمد ‘‘پر احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا

 پولیس کے ساتھ جھڑپیں ‘تنازع   عید میلاد النبی ؐکے جلوس کے دوران کانپور میں شروع ہوا  تھا
کانپور(آئی این پی )بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں شروع ہونے والا’’ آئی لو محمد ‘‘ سے متعلق احتجاج اب کئی ریاستوں میں پھیل چکا ہے، جس نے مسلم کمیونٹی میں مظاہروں اور جلوسوں کی صورت اختیار کرلی ۔بھارتی اخبار  انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش، اتراکھنڈ، تلنگانہ، اور مہاراشٹرا کے شہروں جیسے اناو، بریلی، کوشامبی، لکھن، مہاراج گنج، کشی پور اور حیدرآباد میں اس تنازع کے باعث ریلیاں اور گلی کوچوں میں احتجاج ہوئے، جن میں بعض مقامات پر پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔یہ تنازع 4 ستمبر کو عید میلاد النبی ؐکے جلوس کے دوران کانپور میں شروع ہوا، جب ایک گروپ نے جلوس کے راستے پر I Love Muhammad کا بینر لگایا تھا، جس پر مقامی ہندو گروپوں نے اعتراض کیا کہ یہ ایک نئی رسم ہے جو اس روایتی مقام پر متعارف کروائی جا رہی ہے