لاہور( کرائم رپورٹر) سی سی ڈی پنجاب کے انسداد اغوا برائے تاوان سیل لاہور نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چھ گمشدہ بچوں کو تلاش کرکے بحفاظت والدین کے حوالے کردیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق دو بچوں کے والدین نے تھانہ کوٹ لکھپت اور تھانہ فیکٹری ایریا میں اغواء کے مقدمات درج کروا رکھے تھے، جبکہ بچوں کے اغواء سے متعلق خبریں مختلف نیوز چینلز پر بھی نشر ہوئی تھیں۔ والدین کی جانب سے مدد کی اپیل پر سی سی ڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی تلاش شروع کی۔ بازیاب ہونے والے بچوں کا تعلق لاہور، قصور، گوجرانوالہ اور ننکانہ صاحب سے ہے۔ ترجمان کے مطابق بچوں کی تلاش اور بازیابی کے لیے سی سی ڈی کی خدمات چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں اور والدین بلاجھجک رابطہ کرسکتے ہیں۔ حکام نے کہا کہ معصوم بچوں کا تحفظ، والدین کی خوشی اور شہریوں کا امن اولین ترجیح ہے، جبکہ بچوں سے زیادتی، استحصال اور چائلڈ لیبر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔