قذافی اسٹیڈیم اور کھلاڑیوں کی قیام گاہوں پر سخت حفاظتی انتظامات، ٹریفک رواں رکھنے کا فیصلہ
لاہور (کرائم رپورٹر) ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے فائنل سمیت چار میچز کے انعقاد کے لیے لاہور پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 25 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز کے دوران کھلاڑیوں کی قیام گاہوں، آمدورفت کے راستوں اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل شائقین کی مکمل تلاشی اور سکیورٹی کلیئرنس کی جائے گی، جبکہ پولیس پٹرولنگ ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے اہم مقامات کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ سی سی پی او کے مطابق شائقین، کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔