سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں واقع رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی ہے، جہاں سے ایئرکنڈیشنرز، دروازے، کھڑکیاں، قالین، کراکری اور دیگر سامان چوری کرلیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ راجہ پرویز اشرف کے پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
رہائش گاہ سے کون سا سامان چوری ہوا؟
ایف آئی آر کے متن کے مطابق چور سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ سے 3 ایئرکنڈیشنرز، 2 دروازے اور 2 کھڑکیاں لے گئے۔ اس کے علاوہ قالین، کراکری، ڈیکوریشن پیسز اور گھاس کاٹنے والی مشین سمیت دیگر سامان بھی چوری ہونے کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔درخواست کے مطابق رہائش گاہ کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے، جس سے چوری کی واردات کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے مقدمے میں درج تفصیلات کی روشنی میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
رہائش گاہ پر تعینات ملازم مبینہ طور پر غائب
مقدمے کے متن میں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ پر تعینات ایک گھریلو ملازم کی مبینہ طور پر غیر موجودگی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے رہائش گاہ پر موجود نہیں تھا، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔تاہم ملازم کی غیر موجودگی اور چوری کی واردات کے درمیان تعلق کے حوالے سے کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ اس پہلو کی تصدیق اور دیگر شواہد کی جانچ تفتیش کا حصہ ہوگی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں
راجہ پرویز اشرف کے پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔