ریس لگاتی کارکو حاثہ،3 نوجوان ہلاک

 تیز رفتار گاڑی بیریئر سے ٹکرا کر درخت میں جا لگی، 24 سالہ عبدالحنان، 28 سالہ مصطفیٰ اور 22 سالہ فیضان مارے گئے 
 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں مبینہ کار ریسنگ کے دوران تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوکر سکیورٹی بیریئر سے ٹکرانے کے بعد درخت میں جا لگی، جس کے نتیجے میں تین نوجوان جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حادثے میں دو نوجوان موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ ان میں سے ایک نوجوان راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 24 سالہ عبدالحنان، 28 سالہ مصطفیٰ اور 22 سالہ فیضان کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ چوتھے نوجوان کو طبی امداد کے بعد ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ دو گاڑیوں کے درمیان کار ریسنگ اور تیز رفتاری ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے کا شکار گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔