پولیس کامنشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ

لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر باغبانپورہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کرلی ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان اور ان کی خصوصی ٹیم نے دورانِ چیکنگ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش حسنین عرف شان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاپولیس کے مطابق ملزم حسنین عرف شان سے 7 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ علاقہ غیر سے آن لائن کے ذریعے منشیات منگوا کر تعلیمی اداروں، کالجز اور ہاسٹلز کے اطراف نوجوانوں کو فروخت کرتا تھاایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے ایس ایچ او رضوان خان اور پولیس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کرنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں ہر صورت قانون کے کٹہرے تک لایا جائے گا۔