لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں ناقص کارکردگی کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے اگلے سیزن میں زبردست واپسی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ٹورنامنٹ بھر میں کئی اہم شعبوں میں ناکامی کا شکار رہی، جس کے باعث نتائج متاثر ہوئے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایلیمینیشن میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے واضح فرق سے شکست دی۔ لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد نعیم کے 25 گیندوں پر برق رفتار 50 اور کوسل پریرا کے 35 گیندوں پر 61 رنز کی بدولت 202 رنز کا ہدف دیا۔جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم صرف 107 رنز پر 15.1 اوورز میں ڈھیر ہو گئی۔ آغا سلمان 33 اور شاداب خان 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، باقی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا:"ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں اہم مواقع پر وکٹیں حاصل نہیں کیں اور پاور پلے میں حریف ٹیموں کو کھل کر کھیلنے دیا، یہی ہماری سب سے بڑی کمزوری رہی۔"
انہوں نے بتایا کہ الیکس ہیلز کی عدم دستیابی کے باعث محمد شہزاد کو اوپننگ کی ذمہ داری دی گئی، تاہم یہ فیصلہ کارگر ثابت نہ ہوا۔شاداب نے کہا:"پچز کھیل کے لیے سازگار تھیں، فرق صرف مہارت اور گیم پلان پر مؤثر عملدرآمد کا تھا۔"انہوں نے نوجوان بلے باز صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پرفارمنس ٹیم کے لیے حوصلہ افزا رہی۔آخر میں شاداب خان نے امید ظاہر کی:"ہم اس سیزن کی غلطیوں سے سیکھیں گے اور ان شاء اللہ اگلے سیزن میں بھرپور تیاری اور عزم کے ساتھ واپسی کریں گے۔"