بھارت میں چار سکھوں کی گرفتاری کے لئے فوج طلب

نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی  ریاست اتراکھنڈ کے ضلع ردرا پریاگ میں واقع ناگراسو گردوارے میں تلواروں اور نیزوں سے لیس نہنگ سکھوں اور پولیس کے درمیان چوتھے دن بھی تنا ئو برقرار ہے۔ یہ   معاملہ اس وقت شروع ہوا جب نہنگ سکھوں کے ایک گروپ نے گردوارے پر قبضہ کر لیا اور ایک سیوادار سمیت دو سکھ زائرین کو چھت پر یرغمال بنا لیا۔ بات پولیس کے بس سے باہر نکلی تو قبضہ چھڑانے کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نہنگ سکھوں کا مطالبہ ہے کہ ان کے ان چار ساتھیوں کو فوری رہا کیا جائے جنہیں 16 جون کو ضلع چمولی میں مقامی لوگوں کے ساتھ پارکنگ کے تنازع پر ہونے والی لڑائی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔تاہم اب مذاکرات کے بعد صورتحال کچھ بہتر ہو رہی ہے اور وہاں موجود سات نہنگ سکھوں میں سے تین گردوارے سے باہر آ چکے ہیں جبکہ دو یرغمالیوں کو بھی چھڑوا لیا گیا ہے