امریکی حملوں میں ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 55، زخمی 645 ہو گئے

امریکی حملوں میں ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 55، زخمی 645 ہو گئے

تہران: ایران کی وزارتِ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ امریکی فوجی حملوں میں ملک بھر میں کم از کم 55 افراد جاں بحق جبکہ 645 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق زیادہ تر جانی نقصان جنوبی اور جنوب مغربی صوبوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق وزارتِ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 645 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 55 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبہ خوزستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں اور زخمی رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ہرمزگان اور سیستان و بلوچستان میں بھی نمایاں جانی نقصان سامنے آیا۔وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 645 افراد میں سے 586 کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ متعدد افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔حکام کے مطابق اس وقت 8 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے بعض کی مزید سرجری کی جا سکتی ہے۔

ایرانی حکام نے ان حملوں کو امریکی جارحیت قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب خبر فائل کیے جانے تک امریکا نے ایران کی وزارتِ صحت کے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، جبکہ ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے کی انسانی اور سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں فوری کمی کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔