10گروہوں کے 23کارندے گرفتار

 ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ سمیت4 گاڑیاں، 53 موٹر سائیکلیں، 4 تولے سونا، 22 موبائل فونز، 6 مویشی اور 90 لاکھ روپے کی نقدی برآمدکی گئی
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم گروہوں کے خلاف سرگرم عمل،24 گھنٹوں کے دوران 10 گینگز کے 23 کارندے گرفتار کر لئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف، پسٹلز، رائفلز، ریوالورز، بندوقوں سمیت 100 ہتھیاراور سیکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 4 گاڑیاں، 53 موٹر سائیکلیں، 4 تولے سونا، 22 موبائل فونز، 6 مویشی اور 90 لاکھ روپے نقدی بھی برآمدکی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایاکہ کارروائیوں کے دوران 267 اشتہاری مجرمان، 165عدالتی مفرور اور 68 عادی مجرمان گرفتار کیے گئے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 5 مجرمان کیفر کردار کو پہنچے، 11 زخمی اور 12 گرفتارکیے گئے۔