شہریوں کے لیے چار روزہ چھٹیاں، جشن کی موجیں لگیں

شہریوں کے لیے چار روزہ چھٹیاں، جشن کی موجیں لگیں

حکومتِ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر بسنت کے موقع پر 6 فروری کو لاہور میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ شہری جشن میں بھرپور حصہ لے سکیں اور تقریبات محفوظ اور منظم طور پر منعقد ہوں۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے پیش نظر تعطیل کی تجویز دی تھی، جس کی صوبائی حکومت نے منظوری دے دی۔ اس فیصلے کے بعد لاہور میں جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ملا کر چار دن کی چھٹیاں ہوں گی، جس سے شہریوں کو لانگ ویک اینڈ میسر آئے گا۔حکام کے مطابق جمعرات، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں پہلے سے طے تھیں، جبکہ صوبائی حکومت نے جمعہ کو بھی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ بسنت کے دوران ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور شہری محفوظ ماحول میں جشن منائیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ 18 سال سے کم عمر بچے بسنت کی تقریبات اہلخانہ کے ساتھ منائیں، تاکہ تحفظ اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بسنت کی تقریبات امن و امان کے ساتھ منعقد ہوں اور شہری بلا خوف و خطر اس ثقافتی جشن سے لطف اندوز ہو سکیں۔