وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے صومالی وزیر داخلہ کی ملاقات، دہشتگردی و انتہاپسندی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا
اسلام آباد(آئی این پی)صومالیہ کے وزیر داخلہ علی یوسف نے دورہ پاکستان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔صومالی وزیر داخلہ کی اعلی سطح کے وفد کے ساتھ وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی نے خیر مقدم کیا، ملاقات میں پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور صومالیہ کے وزرائے داخلہ نے ٹریننگ، بارڈر مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا‘محسن نقوی نے کہا کہ صومالیہ کو درپیش چیلنجز کا ادراک ہے، انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں صومالیہ کو مکمل تعاون فراہم کریں گے، علاج اور تعلیم کیلئے آنے والے صومالی شہریوں کو ویزہ سہولت دی جائے گی