عمران خان کو رات گئے پمز لایا گیا،انجکشن کی دوسری خوراک لگائی گئی،تفصیلی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کو فالو اپ طبی معائنے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھ کے علاج کا اہم مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔پریس ریلیز کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید عمران احمد خان نیازی کورات گئے کو آنکھ کے علاج کے سلسلے میں اینٹی VEGF انٹرا وٹریل انجکشن کی دوسری خوراک لگانے کے لیے اسپتال لایا گیا۔طبی عمل سے قبل ماہرین کے بورڈ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کی جانب سے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی کی گئی، جن کے نتائج نارمل آئے جبکہ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔ڈاکٹرز نے باقاعدہ رضامندی حاصل کرنے کے بعد آپریشن تھیٹر میں مقررہ حفاظتی پروٹوکول اور مانیٹرنگ کے تحت کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ کی نگرانی میں مائیکروسکوپی گائیڈنس کے ساتھ اینٹی VEGF انجکشن کی دوسری خوراک دی، جسے کامیاب قرار دیا گیا۔ذرائع کے مطابق طبی عمل کے بعد عمران خان کو مزید نگرانی کے لیے ڈاکٹروں کی زیرِ نگرانی رکھا گیا جبکہ ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا جا رہا ہے۔