پولیس سے مدد مانگنے کے اگلے ہی دن تین بچوں کی ماں قتل

پولیس سے مدد مانگنے کے اگلے ہی دن تین بچوں کی ماں قتل

پنجاب کے علاقے وہاڑی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں تھانہ ٹھینگی کی حدود میں 54 ڈبلیو بی نامی گاؤں میں ایک خاتون کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد نے تین دیگر افراد کے ساتھ مل کر بیٹی کو بے دردی سے قتل کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان کو شبہ تھا کہ مقتولہ کے کسی سے ناجائز تعلقات ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی محمد اشرف اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور قتل کے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔حیران کن طور پر، مقتولہ نے ایک روز قبل ہی پولیس 15 پر کال کرکے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اسے جان کا خطرہ ہے۔ اہل محلہ کے مطابق، پولیس تھانہ ٹھینگی میں خاتون کو حراست میں لیا گیا تھا، لیکن معززین علاقہ نے اپنی ضمانت پر اسے واپس گھر بھجوا دیا تھا۔