اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کی جی ڈی اے قیادت سے ملاقات

 تمام ایشوز پر کھل کر بات ہوئی، خواہش ہے ہم سب مل کر پاکستان اور آئین کو مضبوط کریں‘پیرپگارا
کراچی(آن لائن)پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماوں نے پیر پگارا سمیت جی ڈی اے قیادت سے ملاقات کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف اور اپوزیشن اتحاد کے رہنماوں نے کراچی میں پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی، جی ڈی اے رہنما صدر الدین شاہ راشدی سے ملاقات کی جس دوران اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ جی ڈی اے نے ان کی دعوت قبول کی ہے، ملک بھر سے نمائندگی آئے گی کہ پاکستان کو کیسے بچانا ہے، ضرورت ہے کہ پوری قوم نکلے، پیپلز پارٹی نے بڑا مایوس کیا۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست عوام کی سیاست ہے، پورے ملک میں لوگوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کا ایک مقام ہے، انہوں نے وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد کی۔جی ڈی اے رہنما صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ تمام ایشوز پر کھل کر بات ہوئی، خواہش ہے ہم سب مل کر پاکستان اور آئین کو مضبوط کریں۔