فیض حمید کو سزا قابل تعریف ، پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور

عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد بھی کثرت رائے سے منظور 
 پراپرٹی آرڈیننس معطل کرنے پر حکومت کی شدید تنقید، اپوزیشن کی حمایت 
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 44 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرمین سید ذوالفقار شاہ کی صدارت میں شروع ہوا، اجلاس کے دوران پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ بل 2025ء  پر شدید بحث دیکھنے میں آئی۔حکومتی ارکان احمد شہریار اور الیاس چنیوٹی کی جانب سے چیف آف دی ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، فیض حمید کو ملنے والی چودہ سال کی سزا کو قابل تعریف قرار دینے والی قرارداد سمیت متعدد کثرت رائے سے منظور ہوئیں۔پراپرٹی آرڈیننس کو اپوزیشن اراکین نے معاشی بدحالی، عدالتی نظام، کسانوں کے مسائل اور مہنگائی پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ حکومتی اراکین نے بل کو عام آدمی، بیوائوں، یتیموں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انصاف کی ضمانت قرار دیا۔اپوزیشن رکن رائے احسن رضا کھرل نے کہا کہ غریب طبقہ مزید غریب ہو رہا ہے، معاشرے میں برداشت ختم ہو چکی ہے، عدلیہ کو مضبوط کیا جائے اور اداروں میں مداخلت بند کی جائے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ قانون قبضہ مافیا کے خلاف اور مظلوم شہریوں کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی کیسز میں عدالتوں میں 7 سے 20 سال لگ جاتے ہیں، جبکہ اس قانون کے تحت 90 دن میں فیصلے کیے گئے اور 5 ہزار سے زائد جائیدادیں ناجائز قبضوں سے واگزار کروائی گئیں۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایوان میں حلف دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یا ان کے خاندان نے ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پراپرٹی قانون کے ذریعے غریبوں، بیوائوں اور یتیموں کو فوری انصاف ملا ہے اور اگر سیاسی مداخلت ثابت ہو جائے تو وہ مستعفی ہونے کو تیار ہیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر اور دیگر حکومتی اراکین نے مئوقف اختیار کیا کہ 78 سال میں پہلی بار عوام کو فوری انصاف ملا ہے اور اس قانون کی مخالفت دراصل قبضہ مافیا کی حمایت کے مترادف ہے۔ حکومتی رکن افتخار حسین چھچھر نے کہا کہ مریم نواز نے پراپرٹی قانون لا کر مافیا سے ٹکر لی ہے، اور جو اس قانون کی مخالفت کرے گا وہ دراصل غریبوں کے خلاف اور قبضہ مافیا کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج صبح 11 بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔