چوہنگ ٹریننگ کالج ، 40 کروڑ کی مبینہ ہیرا پھیری

 اخراجات سمیت کروڑوں روپے کے فنڈز پرائیویٹ اکاؤنٹس میں منتقل 
لاہور (کرائم رپورٹر) چوہنگ ٹریننگ کالج میں مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور فنڈز میں خرد برد کے انکشافات کے بعد انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے سپیشل آڈٹ کا حکم دے دیا ہیذرائع کے مطابق مختلف یونٹس کے ٹریننگ اخراجات سمیت کروڑوں روپے کے فنڈز مبینہ طور پر پرائیویٹ اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مالی بے ضابطگیاں سابق کمانڈنٹ کے دور میں سامنے آئی ہیں، جن کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس راجا فیصل کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو چوہنگ ٹریننگ کالج کے معاملات کا سپیشل آڈٹ کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق موجودہ کمانڈنٹ سہیل چوہدری کی جانب سے آئی جی پنجاب کو ارسال کردہ خط کے بعد آڈٹ کا آغاز کیا گیا۔ کمانڈنٹ نے مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات اور مکمل آڈٹ کی استدعا کی تھی، جس پر آئی جی پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کمیٹی سربراہ کو جلد از جلد آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔دوسری جانب سابق کمانڈنٹ محبوب اسلم نے کرپشن الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہنگ ٹریننگ کالج میں کسی قسم کی کرپشن نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق ادارے کا صرف انٹرنل آڈٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ گزشتہ تین برس سے باقاعدہ آڈٹ نہ ہونے کے باعث بعض امور کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق سپیشل آڈٹ رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے، جبکہ مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے فنڈز کے استعمال اور منتقلی سے متعلق تفصیلات بھی واضح ہوں گی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سپیشل کمیٹی کی تحقیقات کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے