لاہور میں پی ٹی آئی کو دھچکا، چوہدری اختر میو ن لیگ میں شامل ہوگئے

سپیکر سردار ایاز صادق نے خود ان کا خیرمقدم کیا، لوگوں کا والہانہ استقبال ،پیش رفت کو سراہا
لاہور(آئی این پی ) پی ٹی آئی  کو لاہور میں دھچکا، پارٹی کے  وائس چیئرمین چوہدری اختر میو نے پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کر لی، چوہدری اختر میو کا تعلق پی پی 154 کے گاں لیلہ پور سے ہے۔ چوہدری اختر میو کی پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کی تقریب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی نے خود ان کا خیرمقدم کیا، اس موقع پر گائو ں کے لوگوں نے سردار ایاز صادق کا والہانہ استقبال کیا اور ان کی قیادت کے تحت ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ چوہدری اختر میو نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف، وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف، وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔