24 گھنٹوں میں 1330 ٹریفک حادثات

پنجاب میں 1537 افراد متاثر ریسکیو ٹیموں نے 680 شدید زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا 
 لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1330 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 680 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 847 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تعداد، یعنی 80 فیصد، موٹرسائیکل حادثات کی ہے۔ اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 870 ڈرائیورز، 80 کم عمر ڈرائیورز، 486 مسافر اور 181 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 220 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جس میں صوبائی دارالحکومت 272 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 82 حادثات میں 90 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان 80 حادثات میں 88 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1537 متاثرین میں 1215 مرد اور 322 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 271 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 844 افراد کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان اور 422 زخمی افراد کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1461 موٹرسائیکلیں، 80 آٹو رکشے، 129 کاریں، 27 وین، 14 مسافر بسیں، 37 ٹرک اور 52 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔