اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، 2024ء میں عالمی سطح پر امدادی کارکنوں کی ہلاکتوں میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، جس کے تحت اب تک 281 امدادی کارکن مارے جا چکے ہیں۔
یہ تعداد کسی بھی سال میں ہونے والی امدادی کارکنان کی سب سے زیادہ اموات ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہلاکتوں میں اضافہ 7 اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی غزہ جنگ کے بعد ہوا، جس کے دوران امدادی کارکنوں کی جانوں کا نقصان بڑھا ہے۔ گزشتہ سال سے لے کر اب تک تقریباً 333 امدادی کارکن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق، رواں ماہ غزہ میں 10 مقامی امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس سال ہلاک ہونے والے زیادہ تر کارکن اقوامِ متحدہ کی ایجنسیوں، مختلف این جی اوز، ریڈ کریسینٹ اور ریڈ کراس کے لیے کام کر رہے تھے۔ ان کارکنوں میں 268 مقامی اور 13 بین الاقوامی امدادی کارکن شامل ہیں۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ 2024ء ابھی ختم نہیں ہوا، اور اس سال ہلاک ہونے والوں کی تعداد پہلے ہی گزشتہ سال کے 280 اموات کے ریکارڈ کو عبور کر چکی ہے، جو امدادی کارکنوں کی زندگیوں کے لیے ایک سنگین خطرے کی علامت ہے۔یہ رپورٹ امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔