اسلام آباد(آن لائن )وزارتِ ریلوے نے قومی اسمبلی میں گزشتہ پانچ سال کے دوران ریلوے حادثات کی تفصیلات جمع کرا دیں، جن کے مطابق ملک بھر کے ریلوے نیٹ ورک پر مجموعی طور پر 448 حادثات رونما ہوئے۔تحریری جواب کے مطابق ان حادثات میں 164 بڑے حادثات شامل تھے۔ سال 2025 میں بڑے حادثات کی تعداد سب سے زیادہ 49 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسی سال مسافر ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے 47 واقعات بھی پیش آئے جو گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے زیادہ ہیں۔دستاویزات کے مطابق 2021 میں 22، 2022 میں 18، 2023 میں 35 اور 2024 میں 40 بڑے حادثات رپورٹ ہوئے۔وزارتِ ریلوے کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ٹرین حادثات میں مجموعی طور پر 169 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 134 مسافر، 28 سڑک استعمال کرنے والے افراد اور 7 ریلوے ملازمین شامل ہیں۔یہ اعداد و شمار ریلوے نظام میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔