عمران خان نے تفتیشی افسروں سے ملاقات کرنے کے بجائے اپنا تحریری جواب بھجوا دیا
راولپنڈی(یواین پی)بانی پی ٹی آئی عمران خان تیسری مرتبہ پھر پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے اورتفتیشی عمل میں تعاون سے انکار کر دیا، بانی پی ٹی آئی کے انکار کے بعدتفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی،عمران خان نے تفتیشی افسران سے ملاقات کے بجائے ایک تحریری موقف کے ذریعے اپنا جواب بھجوایا جس میں واضح کیا گیا کہ وہ یہ ٹیسٹ نہیں کروائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میںشامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم خصوصی طور پر اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاکہ عمران خان سے پولی گراف یعنی جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کی اجازت حاصل کی جا سکے۔تفتیشی ٹیم کو دئیے گئے تحریری موقف میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ تمام عمل صرف پراسیکیوشن کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ان پر دباو ڈالنا اور سیاسی انتقام کو قانونی لبادہ دینا ہے۔