امریکی حملہ عالمی امن کیلئے خطرہ: حماس، جنگ کا آغاز ہو گیا: حوثی گروپ

 امریکی حملہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ،فلسطینی مزاحمتی تنظیم ،یہ واضح ہوچکا ہے ٹرمپ دشمنی ہی چاہتے ہیں،انصاراللہ
صنعا؍غزہ(آئی این پی )امریکا کے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حوثی گروپ نے کہا ہے کہ اب جنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے جنگ کا آغاز ہوگیا ہے، یہ واضح ہوچکا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دشمنی ہی چاہتے ہیں تاکہ جنگ کا جلد خاتمہ ہو۔انصار اللہ کے سیاسی بیورو نے مزید کہا کہ ایران کی جوہری تنصیب کو تباہ کرنا جنگ کا خاتمہ نہیں، یہ ایک آغاز ہے۔ اب مار کے بھاگ جانے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق حماس نے امریکی حملوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وحشیانہ جارحیت کشیدگی میں خطرناک اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔حماس نے کہا کہ ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔