لاہور (کرائم رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے افسر سرفراز چوہدری نے اپنی معطلی کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ میڈیا کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ معطل نہیں ہوئے بلکہ ان کا اسلام آباد تبادلہ ہوا ہے اور انہوں نے وہاں جانے کے بعد چھ ماہ کی رخصت لی ہے۔سرفراز چوہدری نیشنل کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے طور پر اس وقت نمایاں ہوئے جب انہوں نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو جوئے کی ایپ کی تشہیر کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تبادلے کے بعد لاہور میں نئے افسر نے چارج سنبھال لیا ہے، لہٰذا معطلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا بیانیہ ریاست کا بیانیہ ہے اور وہ جرائم کے خلاف اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ ڈکی بھائی کے خلاف کارروائی کرنے والے ایف آئی اے افسر کو معطل کر دیا گیا ہے، تاہم سرفراز چوہدری نے ان خبروں کی واضح تردید کی ہے۔