غزہ میں تباہی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اسرائیلی فورسز کی جارحیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
تازہ کارروائی میں صیہونی افواج نے غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 فلسطینی شہید اور 304 زخمی ہوگئے۔ادھر، غذائی قلت اور علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے کے باعث 3 سالہ بچی بھی جان کی بازی ہار گئی۔ وزارت صحت غزہ کے مطابق اب تک شہدا کی تعداد 65 ہزار 283 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 1 لاکھ 66 ہزار 575 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیل نے غزہ میں زمینی پیش قدمی بھی تیز کر دی ہے، جس کے دوران بلند رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صرف دو ہفتوں میں 20 ٹاور بلاکس تباہ کر دیے گئے۔
غزہ کی موجودہ صورتحال کے مطابق:
6 لاکھ سے زائد شہری محصور ہیں۔
خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت ہے۔
بجلی، ایندھن اور دیگر بنیادی سہولیات ناپید ہو چکی ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک بار پھر عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ نہتے فلسطینیوں کو مزید قتل عام سے بچایا جا سکے۔